نیویارک کے میئر زہران ممدانی اور شہری حکام نے بروکلین کے علاقے براؤنس ویل میں نئے ملٹی سروس سینٹر کا افتتاح کیا ہے، جو کمیونٹی تنظیموں کیلئے 60 ہزار مربع فٹ پر مشتمل چار منزلہ عمارت ہے۔
حکام کے مطابق اس مرکز میں 10 دفاتر، کانفرنس رومز، تجارتی کچن، ساڑھے 16 سو مربع فٹ کا کمیونٹی گارڈن اور سبز چھتیں شامل ہیں۔ میئر ممدانی نے کہا کہ شہری حکومت کو محنت کش عوام اور ان کی کمیونٹیز کی خدمت کیلئے خوبصورت اور پائیدار عمارتیں فراہم کرنی چاہئیں، اور یہ منصوبہ مقررہ وقت سے دو سال پہلے اور بجٹ سے ایک کروڑ ڈالر کم لاگت میں مکمل کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ عمارت مکمل طور پر بجلی پر چلتی ہے، جس میں تین منزلوں پر شمسی پینل نصب ہیں اور یہ لیڈ گولڈ سرٹیفیکیشن کے معیار پر پورا اترے گی۔ مرکز کا انتظام نیبرہڈ ایسوسی ایشن فار انٹر کلچرل افیئرز کے سپرد کیا جائے گا، جہاں بروکلین کمیونٹی بورڈ 16 سمیت مختلف تنظیمیں بھی کام کریں گی۔ ڈیپارٹمنٹ آف ڈیزائن اینڈ کنسٹرکشن نے یہ منصوبہ ڈیزائن بلڈ طریقہ کار سے مکمل کیا، جس سے تعمیراتی وقت میں کم از کم دو سال کی کمی اور ایک کروڑ ڈالر کی بچت ہوئی۔ حکام کے مطابق تعمیر کے دوران نکالے گئے تقریباً 11 ہزار ٹن ملبے میں سے 85 فیصد ری سائیکلنگ کیلئے بھیجا گیا۔ مرکز میں بروکلین کی فنکارہ جازمین ہیز کا تیار کردہ چار حصوں پر مشتمل آرٹ ورک "آئی ایم پروٹیکٹڈ” بھی نصب کیا گیا ہے۔