vosa.tv
Voice of South Asia!

حرمین شریفین ریڈ لائن، حرمت و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہباز شریف

0

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ آبنائے ہرمز اور باب المندب عالمی معیشت کی اہم گزرگاہیں ہیں اور انہیں کھلا رہنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور، عالمی امن اور کثیرالجہتی نظام پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ رواں سال خلیجی خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے دوران قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور عالمی معیشت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کو اسلام آباد میں ایک چھت تلے جمع کرکے تنازع کے خاتمے کے لیے مفاہمتی کوششیں کیں۔ انہوں نے سفارتی کوششوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے کردار کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ امن اور استحکام کے لیے ہے۔شہباز شریف نے گزشتہ برس پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ روکنے کے لیے بروقت کردار ادا کیا، جس پر پاکستان ان کا شکر گزار ہے۔وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام آٹھ دہائیوں سے حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول تک سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب عالمی تجارت اور معیشت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہیں ہیں، اس لیے ان کی سلامتی اور آمدورفت کا کھلا رہنا عالمی مفاد میں ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.