نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے شہریوں کیلئے میٹروپولیٹن اوپیرا کے ساتھ نئی شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت رواں سیزن میں ایسے نیویارک باشندوں کو 70 ہزار مفت ٹکٹس دیے جائیں گے جنہوں نے کبھی میٹ اوپیرا نہیں دیکھا۔
حکام کے مطابق میٹروپولیٹن اوپیرا اس مہینے سے 2026-27 سیزن کے دوران ہر ماہ 10 ہزار ٹکٹس جاری کرے گا، جو سیزن کے کل ٹکٹس کا تقریباً 10 فیصد ہیں، اور یہ ٹکٹس قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ کلچرل افیئرز کمشنر دیا وج کے مطابق ٹکٹس گھر کے ہر حصے میں دستیاب ہوں گے، سوائے کھڑے ہونے والی جگہ کے، اور 2019 کے بعد سے میٹ اوپیرا کا ٹکٹ نہ خریدنے والا کوئی بھی نیویارک باشندہ قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتا ہے۔ حکام کے مطابق شہری ادارے، جن میں محکمہ سماجی خدمات، نیشا، پبلک اسکولز، پبلک لائبریریز اور سٹی یونیورسٹی آف نیویارک شامل ہیں، اس قرعہ اندازی کی تشہیر میں مدد کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق میٹروپولیٹن اوپیرا میں تقریباً 3 ہزار افراد ملازمت کرتے ہیں، جن میں فنکار، موسیقار اور دیگر عملہ شامل ہے۔ میئر ممدانی نے اعلان کے موقع پر سابق میئر فیوریلو لا گارڈیا کے 1943 کے اس اقدام کا بھی حوالہ دیا جب انہوں نے نیویارک سٹی سینٹر کو "عوام کے اوپیرا” کے طور پر متعارف کرایا تھا، جہاں ٹکٹس کی قیمت 75 سینٹ سے 2 ڈالر تک رکھی گئی تھی۔