vosa.tv
Voice of South Asia!

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اقوام متحدہ سے خطاب سے قبل مظاہرے

0

 اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے ایک روز قبل نیویارک میں اقوام متحدہ کے باہر مظاہرین جمع ہوگئے، جہاں غزہ جنگ اور یہود مخالف واقعات پر کشیدگی بڑھ گئی۔

 مقامی میڈیا کے مطابق بدھ کی شب مین ہٹن کے ایسٹ سائیڈ میں اقوام متحدہ کے باہر فلسطینیوں کے حامی مظاہرین اور یہود مخالف واقعات کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے درمیان کشیدگی دیکھی گئی۔ فلسطینیوں کے حامی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تشدد بھڑکانے والے وہ ہیں جو فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف بات کرتے ہیں۔ دوسری جانب یہود مخالف واقعات میں اضافے کے خلاف منعقدہ بڑے مظاہرے میں شریک ربی یوسی لیوائن نے بتایا کہ ان کی عبادت گاہ کے قریب ایک نمازی پر چھری سے حملہ کیا گیا تھا۔ ربی نے میئر زہران ممدانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میئر کی جانب سے نسل کشی اور جنگی جرائم جیسے الفاظ کا استعمال اور اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کے مطالبات کے حقیقی زندگی میں نتائج مرتب ہوں گے۔ ادھر نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اسرائیل کے دفاع کیلئے نیویارک روانہ ہو رہے ہیں، اور خطاب میں کچھ حیران کن باتیں بھی سامنے آئیں گی۔ نیتن یاہو نے پیر کے روز کہا تھا کہ وہ اپنے خطاب میں میئر ممدانی کا بھی سامنا کریں گے۔ نیتن یاہو کے مطابق ان کا خطاب 2023 کے حماس حملے کی یاد دہانی کرائے گا جس میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے، اور اسرائیل کے فوجی ردعمل کا دفاع کرے گا، جس کے نتیجے میں ان کے بقول 70 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔ میئر ممدانی نے اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ نیتن یاہو کو گرفتار کیا جانا چاہیے، اور الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج نے چند روز قبل غزہ کے ایک محفوظ قرار دیے گئے علاقے میں 11 سالہ فلسطینی بچے کو ہلاک کیا۔ نیتن یاہو جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جبکہ ہیڈکوارٹرز کے باہر مظاہرے اور سیاسی کشیدگی بدستور جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.