vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں وسط مدتی انتخابات کیلئے ابتدائی ووٹنگ شروع

0

امریکا میں 2026 کے وسط مدتی انتخابات کیلئے ابتدائی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا، جس کے بعد کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت کے تعین کیلئے انتخابی عمل تیز ہوگیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ورجینیا میں جمعے سے براہِ راست ابتدائی ووٹنگ شروع ہوئی، جبکہ مینیسوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا سمیت بعض دیگر ریاستوں میں شہری انتخابی مراکز پر پہلے ہی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ دیگر ریاستوں میں بھی آنے والے ہفتوں کے دوران ابتدائی ووٹنگ شروع ہوگی۔رپورٹ کے مطابق تین نومبر کو ہونے والے انتخابات میں بیشتر ریاستوں میں گورنر اور ریاستی قانون ساز اداروں کے انتخابات بھی ہوں گے، جبکہ نتائج امریکی کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کی موجودہ اکثریت برقرار رہنے یا تبدیل ہونے کا تعین کریں گے۔اے پی کے مطابق انتخابات ایسے وقت میں ہورہے ہیں جب امریکی شہری مہنگائی، اشیائے خورونوش اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، ایران جنگ، مصنوعی ذہانت اور امیگریشن پالیسی سمیت مختلف اہم معاملات پر شدید اختلافات کا شکار ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتخابی اضلاع کی حالیہ ازسرِنو حد بندی کے باعث لاکھوں امریکی شہری اب ایسے انتخابی حلقوں میں شامل ہیں جو 2024 کے مقابلے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ انتخابی عمل اور ووٹنگ کے طریقہ کار سے متعلق قانونی تنازعات بھی بدستور جاری ہیں۔انتخابی حکام کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے انتظامات مکمل ہیں اور انتخابات کے درست اور محفوظ انعقاد پر انہیں اعتماد ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.