شکاگو(سیدخلیل اللہ)کراچی اور نواب شاہ میں آٹسٹک اور ڈاؤن سنڈروم سے متاثرہ بچوں کے مراکز کی فنڈ ریزنگ کے لیے امریکی شہر شکاگو میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔حاضرین نے خصوصی بچوں کی مدد اور بحالی کے لیے مالی تعاون کیا۔
نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈویلپمنٹ فورم پاکستان کے زیرِ اہتمام شکاگو کے مقامی بینکوئٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں مقامی کمیونٹی، نامور ڈاکٹروں، ممتاز کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔پاکستان سے خصوصی طور پر عابد لاشاری اور ذوالفقار ہالپوٹو نے بھی شرکت کی اور فورم کے مقاصد اور شکاگو کمیونٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
اس شام کی خاص بات نیویارک سے آئے طلحہ خان کی مزاحیہ پیشکش تھی، جنہوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور ہال میں قہقہے بکھیرے۔تقریب کے اہتمام میں فیصل ملک، افضل سوداگر اور شیخ سمیر ندیم نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ تقریب کی میزبانی کے فرائض شکاگو کے معروف اردو شاعر خاور حسین نے سرانجام دیے۔
اس موقع پر نوید انور، یاسین چوہان اور احمد کریم جھگڑا بھی موجود تھے جبکہ عمیر طارق اور وقاص راجپوت جیسے رضاکاروں نے پسِ پردہ محنت کرکے تمام امور کو نہایت خوش اسلوبی سے انجام تک پہنچایا۔تقریب کے اختتام پر ان تمام شخصیات کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا ۔
تمام معزز مہمانوں کو سندھی ثقافت اور روایتی احترام کی علامت کے طور پر اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔نوابشاہ ڈس ایبلٹی فورم نے معذور اور آٹک بچوں کی سرپرستی کے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے تمام شرکاء، منتظمین اور خیر خواہوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ تقریب ایک مثال بن کر ابھری۔