نیویارک:ملازمت پر جانے والے پاکستانی نژاد نوجوان چل بسا
۔
نیویارک میں جمعرات کی صبح ملازمت پر جاتے ہوئے پاکستانی نژاد نوجوان ارمان عزیز کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بروکلین کے علاقے کنگز ہائی وے پر 24 سالہ جوان لڑکا ارمان عزیز اپنی ملازمت پر جارہا تھا کہ وہ چلتے چلتے گرا اور انتقال کرگیا۔ متوفی کی فیملی کا تعلق میر پور آزاد کشمیر سے ہے۔ نوجوان کی میت قانونی کاروائی کے بعد غسل کفن اور تجہز و تکفین کے انتظامات کے لیے کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع الریان مسلم فیونرل سروس منتقل کی گئی ہے۔ الریان مسلم فیونرل سروسز کی انتظامیہ کے مطابق متوفی نوجوان ان کا رشتہ دار ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر کوئی ایسی گاڑی نظر نہیں آئی جس کی بنا پر یہ کہا جاسکے کہ نوجوان کسی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا ہے، ابھی تک بظاہر نوجوان چلتے چلتے گرا اور انتقال کرگیا۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی نے نوجوان ارمان عزیز کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کمیونٹی کا کہنا ہے کہ وہ دکھ کی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔