سعودی فضائیہ کے لڑاکا طیارے نئے روپ میں، قومی دن پر فضائی شوز کی تیاریاں
جدہ: سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کی مناسبت سے رائل سعودی ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں کو خصوصی رنگ و روپ دے دیا گیا ہے، جبکہ مشہور فضائی کرتب دکھانے والی ٹیم سعودی ہاکس بھی جدہ پہنچ گئی ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں فضائیہ کے طیاروں پر مملکت کی قومی شناخت اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والا خصوصی ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔ نئے ڈیزائن سے آراستہ طیارے ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے فضائی مظاہروں میں حصہ لیں گے۔خصوصی ڈیزائن میں طیاروں کے اگلے حصے کو چمکدار سیاہ رنگ دیا گیا ہے، جس پر عربی خطاطی میں ’’السعودية‘‘ تحریر ہے۔ طیاروں کے پچھلے حصے پر سعودی پرچم کے ساتھ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصاویر بھی نمایاں کی گئی ہیں۔وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائن سعودی عرب کی ثقافت، قومی اتحاد اور فخر کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی ہاکس کے ساتھ ٹائیفون، ٹورنیڈو اور ایف پندرہ طیارے جدہ، ریاض، دمام سمیت مختلف شہروں کے آسمان پر فضائی کرتب پیش کریں گے۔سعودی عوام کی جانب سے لڑاکا طیاروں کے اس نئے انداز کو سراہا جا رہا ہے، جسے قومی دن کی تقریبات میں دفاعی صلاحیت اور قومی فخر کے امتزاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔