نیویارک سٹی کمیشن آن گورنمنٹ ایفیشنسی نے نومبر کے انتخابات میں پیش ہونے والی پانچ بیلٹ تجاویز سے متعلق شہریوں کو آگاہ کرنے کیلئے ’’ووٹ آن فاسٹر گورنمنٹ‘‘ کے نام سے عوامی مہم شروع کردی۔
کمیشن کے مطابق مہم کے تحت آن لائن معلوماتی مرکز، عوامی آگاہی ویڈیوز، ڈیجیٹل تشہیر، کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ بریفنگز اور براہِ راست عوامی رابطہ کیا جائے گا۔ ووٹرز کیلئے تعلیمی مواد 13 زبانوں میں بھی فراہم کیا جائے گا۔پانچ تجاویز میں پہلی تجویز بیرونی ریسٹورنٹ ڈائننگ اور معذور افراد کیلئے ریمپ کی منظوری کا عمل تیز کرنے سے متعلق ہے۔ دوسری تجویز شہر کے ساتھ معاہدے کرنے والے چھوٹے کاروباروں اور غیر منافع بخش اداروں کیلئے معاہدوں کا عمل مختصر کرنے کی تجویز ہے۔تیسری تجویز سائیکل لین سمیت سڑکوں کی حفاظتی تعمیرات تیز کرنے اور شہر کی اضافی جائیداد سے آمدنی حاصل کرنے سے متعلق ہے۔ چوتھی تجویز تعمیراتی اجازت ناموں کے عمل کو ایک مرکزی نظام میں لانے، جبکہ پانچویں تجویز شہر کی طویل مدتی مالی استحکام کیلئے ٹیکس آمدنی کا 12 فیصد بچت کے ہدف کے طور پر مقرر کرنے سے متعلق ہے۔کمیشن کے مطابق رواں سال گرمیوں میں ہونے والی 10 عوامی سماعتوں میں ایک ہزار سے زائد نیویارکرز نے شرکت کی۔ نومبر میں ووٹرز ان پانچ تجاویز پر اپنا فیصلہ دیں گے، جبکہ نئی مہم کا مقصد انہیں ووٹنگ سے قبل تجاویز کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔