نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے نائن الیون حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر سینٹ نکولس یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں بین المذاہب یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
میئر ممدانی نے کہا کہ نائن الیون نیویارک کی تاریخ کا تاریک ترین دن تھا، تاہم اس سانحے کے بعد شہر کے لوگوں نے جس بہادری، قربانی اور انسانیت کا مظاہرہ کیا، وہ بھی یاد رکھنے کے قابل ہے۔انہوں نے کہا کہ حملوں کے دوران فائر فائٹرز، طبی امدادی کارکنوں اور دیگر امدادی اہلکاروں کے ساتھ عام شہری بھی ایک دوسرے کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ ممدانی نے ایسے مناظر کا ذکر کیا جن میں نیویارکرز نے خوفناک حالات کے باوجود زخمیوں اور بزرگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔میئر نے کہا کہ نائن الیون کے حملہ آور سمجھتے تھے کہ وہ نیویارک کے لوگوں کو خوفزدہ کرکے اور انہیں ایک دوسرے سے دور کرکے شہر کو توڑ سکتے ہیں، لیکن وہ غلط ثابت ہوئے۔ نیویارک کے شہری دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوئے اور ایک دوسرے کا سہارا بنے۔انہوں نے فائر فائٹرز، پولیس، پورٹ اتھارٹی اور دیگر امدادی اداروں کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نائن الیون کے بعد راکھ سے جس یکجہتی اور محبت نے جنم لیا، وہ نیویارک کی تاریخ کا ہمیشہ زندہ رہنے والا حصہ رہے گی۔