برطانیہ کی لافبرو یونیورسٹی نے طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کردیا۔
لافبرو یونیورسٹی کی دولتِ مشترکہ اسکالرشپس 2027 کے تحت کامیاب امیدواروں کو پی ایچ ڈی تحقیق کے لیے مکمل ٹیوشن فیس، تین سال تک وظیفہ اور برطانیہ آنے اور واپس جانے کا ہوائی سفر فراہم کیا جائے گا۔ بعض اہل امیدواروں کو خاندانی الاؤنس بھی مل سکتا ہے۔یہ اسکالرشپ ان امیدواروں کے لیے ہے جو اکتوبر 2027، فروری 2028 یا جولائی 2028 میں لافبرو یونیورسٹی کے لافبرو یا لندن کیمپس میں متعلقہ تحقیقی پروگرام شروع کریں گے۔ پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، گیمبیا، کیریباتی، لیسوتھو، ملاوی، موزمبیق، نائجیریا، روانڈا، سیرا لیون، سولومن جزائر، سری لنکا، تنزانیہ، ٹوگو، تووالو، یوگنڈا اور زیمبیا کے شہری بھی اس موقع کے لیے اہل ہو سکتے ہیں۔امیدوار کے پاس ستمبر 2027 تک کم از کم سیکنڈ کلاس درجے کے مساوی پہلی ڈگری ہونی چاہیے، جبکہ بعض صورتوں میں متعلقہ ماسٹرز ڈگری رکھنے والے امیدوار بھی اہل ہو سکتے ہیں۔امیدوار پہلے ہی کسی برطانوی یا اپنے ملک کی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی یا پی ایچ ڈی کی طرف لے جانے والی ایم فل میں رجسٹرڈ نہ ہو۔ اس کے علاوہ امیدوار کے لیے یہ ثابت کرنا بھی ضروری ہے کہ وہ اسکالرشپ کے بغیر برطانیہ میں تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا۔یونیورسٹی کے مطابق درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر 2026، برطانوی وقت کے مطابق شام 4 بجے ہے۔