vosa.tv
Voice of South Asia!

بروکلین: سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر کی مالک ذکیہ خان کو میڈی کیڈ فراڈ کیس میں 76 ماہ قید

0

امریکی  وفاقی عدالت نےنیویارک  میں  اڑسٹھ ملین ڈالر کے میڈی  کیڈ  فراڈمیں  ملوث  دو سوشل  ایڈلٹ  ڈے کیئر سینٹرز کی مالک پاکستانی  نژاد  ذکیہ  خان کو  چھ سال سے زائد قید کی سزا سنادی ۔عدالت نےذکیہ خان کو  چھپن  ملین  ڈالر  سے زائد  رقم  بطور  ہر جانہ واپس کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ 

نیویارک  میں  دو مختلف  سوشل ایڈلٹ  ڈے کیئر کے ذریعے  68 ملین ڈالر کے میڈی  کیڈ فراڈ  کا   معاملہ اپنے منطقی  انجام کو پہنچ گیا۔بروکلین  کی عدالت میں ڈسٹرکٹ جج نتاشا سی مرل نے    دو سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹرز اور ایک ہوم ہیلتھ کیئر کمپنی کے ذریعے تقریباً64 ملین ڈالر کے میڈی کیڈ فراڈ اور غیر قانونی کک بیک اسکیم کی قیادت  میں ملوث ذکیہ خان کو76 ماہ قید کی سزا سنادی ۔محکمہ  انصاف  کے مطابق عدالت نے ذکیہ خان کو  سزا کے ساتھ56ملین ڈالر سے زائد رقم بطور ہرجانہ واپس ادا کرنے اور فراڈ سے حاصل کی  گئی 5 ملین ڈالر کی رقم اور اثاثے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ضبط کیے گئے اثاثوں میں دو جائیدادیں، نقد رقم اور سونے کے زیورات بھی شامل ہیں، جو ان کے گھر کی تلاشی کے دوران برآمد کیے گئے تھے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ذکیہ  خان  بروکلین کے  میں واقع   ہیپی فیملی سوشل ایڈلٹ  ڈے کیئر سینٹر  اور فیملی  سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر کی مالک  ہونے کے ساتھ ساتھ  ریسپانسیبل  کیئر اسٹافنگ اور تانوی  سروسز  کی بھی مالک  تھیں ،ان اداروں کو مبینہ طور پر فراڈ سے حاصل کی گئی  رقم وصول کرنے اور اس کے اصل ذرائع چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔محکمہ انصاف کے مطابق تقریباً اکتوبر 2017 سے جولائی 2024 کے دوران مارکیٹرز کے ایک نیٹ ورک نے کک بیکس اور رشوت کے عوض میڈی کیڈ کے مریضوں کو مذکورہ ڈے کیئر سینٹرز میں داخل کروایا گیا ۔ ذکیہ خان اور مارکیٹرز نے میڈی کیڈ کے مستحق افراد کو رشوت اور مالی مراعات دیں تاکہ وہ ان مراکز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے رجسٹر ہوں۔ اس کے بعد ذکیہ  خان اِن افراد کے نام پر میڈی کیڈ کو ایسے طبی و نگہداشت کے اخراجات کے بل بھیجتی رہیں،جو حقیقت میں فراہم ہی نہیں کیے گئے تھے۔تفتیش  کے مطابق  ہیپی  فیملی اور فیملی سوشل نے میڈی کیڈ کو تقریباً64ملین ڈالر کے جعلی بل جمع کروائے، جن کی بنیاد پر میڈی کیڈ نے تقریباً56ملین ڈالر  کی ادائیگیاں کیں۔تفتیشی حکام کے مطابق ذکیہ خان اور ان کے ساتھیوں نے فراڈ سے حاصل رقم کو مختلف کاروباری اداروں کے ذریعے منی لانڈرنگ  میں استعمال کیا۔واضح رہے کہ اگست 2025 میں ذکیہ خان نے ہیلتھ کیئر فراڈ کی سازش اور امریکی حکومت کو دھوکا دینے اور ہیلتھ کیئر کک بیکس کی ادائیگی کی سازش کے  الزامات میں اپنا جرم تسلیم کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.