امریکی ریاست کیلیفورنیا میں تقریباً 270 ملین ڈالر کے جعلی طبی دعوے جمع کرانے والے شخص کو 30 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 67 سالہ پال رچرڈ رینڈل نے 11 ماہ کے دوران مہنگی ادویات کے نام پر میڈی کیل سے تقریباً 178.7 ملین ڈالر وصول کیے، حالانکہ ان میں سے بیشتر ادویات طبی طور پر غیر ضروری تھیں اور کئی مریضوں کو فراہم ہی نہیں کی گئیں۔عدالتی دستاویزات کے مطابق رینڈل نے ایک فارمیسی اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر میڈی کیل کے ادویات کی ادائیگی کے نظام میں عارضی تبدیلی کا فائدہ اٹھایا اور ایک نسخے کیلئے ایسی دوا کے نام پر تقریباً 13 ہزار 424 ڈالر تک وصول کیے جس کی عام قیمت 5 سے 25 ڈالر کے درمیان ہوتی ہے۔رینڈل نے مریضوں کی معلومات حاصل کرنے اور جعلی نسخوں پر دستخط کرانے کیلئے غیر قانونی رشوت بھی دی۔ حکام کے مطابق فراڈ سے حاصل کی گئی رقم چھپانے کیلئے رقوم مختلف ذرائع سے منتقل کی گئیں۔