امریکی شہر نیویارک کے علاقے کراؤن ہائٹس میں کارنیول پریڈ کی تقریبات کے قریب مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایک شخص کو نوسٹرینڈ ایونیو اور سینٹ جانز پلیس کے قریب گولی ماری گئی، جس کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔بعد ازاں ایسٹرن پارک وے اور کنگسٹن ایونیو کے مقام پر ایک خاتون کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ 19 سالہ نوجوان ٹانگوں میں گولی لگنے کے باعث زخمی حالت میں ملا۔ پولیس کے مطابق دونوں متاثرین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق دو مشتبہ افراد فائرنگ کے بعد البنی ایونیو کی جانب فرار ہوگئے۔ ان میں سے ایک نے سرمئی رنگ کی ہُڈی اور نیلی جینز جبکہ دوسرے نے سفید قمیض پہن رکھی تھی۔فائرنگ کے واقعات پریڈ سے قبل سخت سیکیورٹی انتظامات کے باوجود پیش آئے۔ اس سے چند گھنٹے قبل بھی کراؤن ہائٹس میں 5 افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کیا گیا تھا، جبکہ گزشتہ سال کارنیول کے دوران 6 افراد کو گولیاں لگی تھیں۔