اقوام متحدہ میں عالمی نقشے کی درست نمائندگی کی قرارداد منظور
نیویارک (نیوزڈیسک)اقوام متحدہ نے دنیا کے نقشوں میں افریقہ کی درست نمائندگی کے لیے قرارداد منظور کرلی، جس کے حق میں 164 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ امریکا نے مخالفت کی۔ اسمبلی نے کم عمری اور جبری شادیوں کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے لیے ثقافت کی دہائی کی بھی منظوری دی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دنیا کے نقشوں میں براعظموں کے حجم کو درست انداز میں ظاہر کرنے کے لیے اہم قرارداد منظور کرلی۔قرارداد کے حق میں 164 ممالک نے ووٹ دیا، امریکا نے مخالفت کی جبکہ 6 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں دنیا کے نقشوں میں بالخصوص افریقہ اور خطِ استوا کے دیگر علاقوں کی درست نمائندگی کے لیے ایسے نقشہ جاتی طریقوں کے زیادہ استعمال پر زور دیا گیا ہے جو براعظموں کا حقیقی رقبہ بہتر طور پر ظاہر کریں۔افریقی ممالک کا مؤقف ہے کہ روایتی نقشوں میں افریقہ کا حجم حقیقت سے کہیں کم دکھائی دیتا ہے، جس سے دنیا کے بارے میں لوگوں کے تصورات بھی متاثر ہوتے ہیں۔دوسری جانب امریکا نے قرارداد کو غیر ضروری نظریاتی بحث قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی۔
جنرل اسمبلی نے 2027 سے 2036 تک پائیدار ترقی کے لیے ثقافت کی بین الاقوامی دہائی منانے کی قرارداد بھی منظور کرلی، جبکہ کم عمری اور جبری شادیوں کے خاتمے کا عالمی دن منانے کی منظوری بھی دی گئی۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ نے تھائی لینڈ کی میزبانی میں 2027 میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے تحفظ سے متعلق کانفرنس بنکاک میں منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔