ہنی البیلا اور قیصر پیا کے ساتھ نیویارک میں میٹ اینڈ گریٹ
مشہور پاکستانی کامیڈین فنکار ہنی البیلا اور قیصر پیا کے ساتھ نیویارک میں میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا گیا۔ دونوں فنکاروں نے برجستہ جملوں ، ایک دوسرے پر طنز و مزاح سے بھرپور فقروں اور چٹکلوں سے محفل کو زعفران زار بنادیا۔
پاکستان میں پنجاب سے مشہور کامیڈین فنکار ہنی البیلا اور قیصر پیا کی امریکا آمد پر معروف فلم ساز سلیمان بٹ نے نیویارک میں ہکس وِل کےمقامی ریسٹورانٹ میں میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا، مہمانوں کی آمد پر انتہائی گرم جوشی اور والہانہ انداز میں ڈھول کی تھاپ پر ان کا استقبال کیا گیا۔ تقریب کی نظامت ناساو کاونٹی میں ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی کر رہے تھے ۔معروف کامیڈین قیصر پیااور ہنی البیلانے اپنی برجستہ گفتگو اور مزاحیہ انداز سے حاضرین کو محظوظ کیا تو شرکا اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔حاضرین سے خطاب میں معروف فلم ساز سلیمان بٹ کا کہنا تھا کہ ہنی البیلا اور قیصر پیا لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا ذریعہ ہیں، جلد امریکا میں فیملی تھیڑز بھی شروع کریں گے ۔تقریب کے شرکا کو اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ساتھ بیٹھنے ، ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا۔اس دوران موسیقی، کامیڈی اور تفریحی پروگرام پیش کیے گئے، جس سے محفل کا ماحول خوشگوار اور پرجوش رہا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اپنی فیملی کے ہمراہ شریک تھیں، اس موقع پر مشہور ٹک ٹاکر اسپیرو بھی پہنچے جن کی منفرد شخصیت اور اداوں پر ہنی البیلا اور قیصر پیا نے خوب جگتیں لگائیں۔تقریب میں لاہور سے تعلق رکھنےو الے معروف صحافی طاہر سرور میر نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا ، شرکا سے خطاب میں انھوں نے ہنی البیلا اور ان کے والد سے اپنے قریبی تعلق اور رفاقت کاتذکرہ کیا اور کچھ مزاحیہ واقعات بھی سنائے ۔شرکا نے طنز و مزاح سے بھرپور پرفارمنس کو بھرپور انجوائے کیا۔اس موقع پر ہنی البیلا نے اپنی امنفرد آواز میں سر بکھیر کر مداحوں کو حیران کردیا جبکہ معروف فوک گلوکار عطا اللہ خان عیسی ٰ خیلوی کے گیتوں کے بول کو مزاحیہ فقروں میں تبدیل کرکے گنگنایا تو حاضرین کو بہت لطف آیا۔۔اس موقع پر بین الاقوامی پروموٹر عتیق شیخ نے ہنی البیلا اور قیصر پیا کی پرفارمنس کو سراہا اور ساتھ ہی آئند ہ استاد راحت فتح علی خان اور سونو نگم کے کنسرٹ کا بھی اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور معاونین کو ناساو کاونٹی کی طرف سے سائٹیشن پیش کی گئیں جبکہ مقامی گلوکار نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔۔