نیویارک کے میئر زُہران ممدانی اور میئرز آفس آف نان پروفٹ سروسز نے این وائی سی نان پروفٹ ویک کے دوران شہر کے غیرمنافع بخش اداروں کی خدمات کو سراہا۔
پورے ہفتے کے دوران میئر کے دفتر اور مختلف سٹی ایجنسیوں نے پانچوں اضلاع میں 40 سے زائد غیرمنافع بخش اداروں کا دورہ کیا اور رہائش، صحت، تعلیم، قانونی معاونت اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔اس سلسلے کا اختتام 20 اگست کو گریسی مینشن میں دوسرے سالانہ ایکسیلنس اِن ہیومن سروسز ڈیلیوری ایوارڈز سے ہوا۔ مختلف اداروں اور سرکاری ملازمین کو خدمات، جدت، انتظامی کارکردگی اور عوامی سہولت کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر اعزازات دیے گئے۔حکام کے مطابق نیویارک میں 40 ہزار سے زائد غیرمنافع بخش ادارے شہریوں کے لیے سماجی تحفظ کے نظام کا اہم حصہ ہیں۔ ممدانی انتظامیہ نے ان اداروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور سرکاری نظام میں موجود رکاوٹیں کم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔