یورپی یونین کے ایراسمس پلس پروگرام کے تحت ایراسمس منڈس جوائنٹ ماسٹرز میں دنیا بھر کے طلبہ کے لیے متعدد شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یہ پروگرام مختلف ممالک کی جامعات کے اشتراک سے چلائے جاتے ہیں، جس کے تحت طلبہ ایک ہی ماسٹرز پروگرام کے دوران ایک سے زیادہ یورپی ممالک میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔منتخب پروگراموں میں بہترین امیدواروں کو مکمل فنڈڈ اسکالرشپ دی جاتی ہے، جس میں تعلیمی اخراجات، سفری اخراجات، ویزا سے متعلق اخراجات اور رہائشی وظیفہ شامل ہوسکتا ہے۔ تاہم مالی معاونت کی تفصیلات ہر پروگرام کے لحاظ سے مختلف ہوسکتی ہیں۔ایراسمس منڈس ماسٹرز عموماً ایک سے دو سال پر مشتمل ہوتے ہیں اور 60، 90 یا 120 ای سی ٹی ایس کریڈٹس کے برابر ہوسکتے ہیں۔دنیا بھر کے طلبہ، بشمول وہ امیدوار جو بیچلرز کی آخری سال میں ہیں اور پروگرام شروع ہونے سے قبل ڈگری مکمل کرلیں گے، درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم ہر پروگرام کی اپنی تعلیمی، لسانی اور دیگر شرائط ہوسکتی ہیں۔