شکاگو میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا پرتپاک استقبال
پاکستان کے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی شکاگو آمد پر ڈیون ایونیو کے علی نہاری ریستوران میں 21 جولائی کو ان کے اعزاز میں شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی سمیت متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
صحافی رانا جاوید اور پاکستانی امریکن بزنس مین نواز اقبال کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کی نظامت پاکستان امریکن ایکٹیوسٹ سلمان آفتاب نے کی۔ تقریب میں پاکستان اور سمندر پار کمیونٹی کے درمیان تجارتی اور سماجی تعاون کو مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا جن میں لیپ ٹاپ کی تقسیم، نرم قرضے، دانش اسکولز، وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ اسکالرشپ، ای اسپورٹس، گیم ڈیولپمنٹ اور تعلیمی اداروں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا نصاب شامل ہیں۔ انہوں نے چین کے ساتھ شراکت داری سے 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کو ابھرتی ہوئی قوم قرار دیا۔ انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ وطن واپسی میں ترقی کی حمایت کریں اور کم از کم ایک طالب علم یا منصوبے کی سرپرستی کریں۔