vosa.tv
Voice of South Asia!

ممدانی کا فورڈہم روڈ پر تیز رفتار بس منصوبے کا افتتاح 

0

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے برونکس کی شاہراہ فورڈہم روڈ پر نئی آف سیٹ بس لینز کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، جس کا مقصد روزانہ سفر کرنے والے تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار بس مسافروں کو تیز، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ منصوبہ سیج وِک ایونیو سے بوسٹن روڈ تک نافذ کیا جائے گا۔ اس کے تحت موجودہ سڑک کنارے بس لینز کو آف سیٹ بس لینز میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ بسوں کی راہ میں گاڑیوں، سامان کی ترسیل اور پک اینڈ ڈراپ کی رکاوٹیں کم کی جا سکیں۔میئر ممدانی نے کہا کہ ان کی انتظامیہ صرف تیز رفتار بسوں کا وعدہ نہیں کر رہی بلکہ اسے عملی جامہ بھی پہنا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے مسافروں کا قیمتی وقت ٹریفک میں ضائع ہونے کے بجائے روزمرہ زندگی کے اہم کاموں میں صرف ہو سکے گا۔محکمۂ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق اس وقت فورڈہم روڈ پر بسوں کی اوسط رفتار صرف 5 میل فی گھنٹہ رہ گئی ہے۔ نئے ڈیزائن کے بعد بسوں کی رفتار میں 28 فیصد تک اضافہ متوقع ہے، جبکہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے حادثات میں بھی 30 فیصد تک کمی آنے کی امید ہے۔حکام کے مطابق اس علاقے میں 62 فیصد گھرانوں کے پاس ذاتی گاڑی موجود نہیں، جبکہ 71 فیصد شہری آمدورفت کے لیے بس، سائیکل یا پیدل سفر پر انحصار کرتے ہیں، جس کے باعث یہ منصوبہ برونکس کے رہائشیوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.