نیویارک:وزیراعظم پاکستان کا یوتھ پروگرام "پیووٹ” کا باقائدہ آغاز
وزیراعظم یوتھ پروگرام نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے اشتراک سے "پیووٹ” پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا، جس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو وطن کے نوجوانوں کے ساتھ علم، مہارت، رہنمائی اور پیشہ ورانہ روابط کے ذریعے جوڑنا ہے۔
نیویارک میں پاکستان مشن میں منعقدہ "کنکشن ٹو کنٹری بیوشن: پاکستانی یوتھ ڈائسپورا کنیکٹ” تقریب میں امریکا بھر سے پاکستانی نوجوان پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، محققین، طلبہ اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی اور پروگرام میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ "پیووٹ” پاکستان اور سمندر پار پاکستانی نوجوانوں کے درمیان تعلق کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانی نوجوان پاکستان اور مستقبل کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کے علم، تجربے اور عالمی روابط سے ملک کے نوجوانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔رانا مشہود احمد خان نے بیرونِ ملک پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کی رہنمائی کریں، انٹرن شپ کے مواقع فراہم کریں، اپنی مہارتیں منتقل کریں اور نوجوانوں کی جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ قومی ترقی کی رفتار مزید تیز ہو۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور سمندر پار پاکستانی قومی ترقی کے دو اہم ستون ہیں۔ ان کے مطابق دونوں کے درمیان مضبوط روابط نہ صرف نئے مواقع پیدا کریں گے بلکہ پاکستان کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن بسمہ قمر نے "پیووٹ” پروگرام کا تعارف پیش کیا، جبکہ سدرا قمر نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کامیابیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی شرکاء کو دکھائی گئی۔