امریکا کی متعدد ریاستوں میں آنتوں کی خطرناک بیماری سائیکلوسپوریاسس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صحت کے حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ریاست مشی گن میں پیر تک اس بیماری کے تقریباً 700 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ صرف چھ روز قبل متاثرہ افراد کی تعداد 170 تھی۔ یہ تعداد ریاست میں سالانہ اوسط 50 کیسز کے مقابلے میں تقریباً 14 گنا زیادہ ہے۔ماہرین کے مطابق یہ بیماری سائیکلوسپور نامی جرثومے سے پھیلتی ہے، جو انسانی فضلے سے آلودہ پانی، کچی سبزیوں اور پھلوں کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے۔ اس کی علامات میں شدید پانی جیسے اسہال، پیٹ درد، متلی، قے، ہلکا بخار، بھوک میں کمی اور شدید کمزوری شامل ہیں۔ علامات عموماً آلودہ غذا کھانے کے تقریباً ایک ہفتے بعد ظاہر ہوتی ہیں، تاہم یہ مدت دو دن سے دو ہفتے تک بھی ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیماری عام حالات میں ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل نہیں ہوتی۔ریاست اوہائیو میں بھی 2 جولائی تک 177 کیسز رپورٹ کیے گئے، جن میں سے 171 صرف 20 جون کے بعد سامنے آئے۔ اگرچہ اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی، تاہم 20 مریضوں کو اسپتال منتقل کرنا پڑا ہے۔ صحت حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پھل اور سبزیاں اچھی طرح دھو کر استعمال کریں اور جہاں ممکن ہو انہیں پکا کر کھائیں تاکہ انفیکشن سے محفوظ رہا جا سکے۔