نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی اصل طاقت مساوات اور جمہوری اقدار میں ہے۔
میئر ممدانی نے نیویارک کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر صدیوں سے دنیا بھر سے آنے والے تارکین وطن، مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگوں کے لیے نئی امید کی علامت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی کامیابی کا راز اس کی دولت یا طاقت نہیں بلکہ یہ حقیقت ہے کہ یہاں ہر شخص اپنی محنت سے اپنی تقدیر بدلنے کا موقع حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے موجودہ سیاسی اور سماجی حالات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، تقسیم، نسل پرستی، عدم مساوات اور تارکین وطن کے خلاف اقدامات امریکا کی بنیادی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی حب الوطنی خامیوں کو نظرانداز کرنے میں نہیں بلکہ ملک کو بہتر بنانے کے لیے آواز اٹھانے اور جدوجہد کرنے میں ہے۔میئر ممدانی نے کہا کہ امریکا کی 250ویں سالگرہ صرف جشن کا موقع نہیں بلکہ خود احتسابی کا بھی وقت ہے۔