شکاگو میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس، فضا "لبیک یا حسین” کے نعروں سے گونج اٹھی
امریکی شہر شکاگو کے ڈاؤن ٹاؤن میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس انتہائی عقیدت، احترام اور پرامن طریقے سے نکالا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اور فضا لبیک یا حسین اور سلام یا حسین کے فلک شگاف نعروں اور نوحہ خوانی سے گونج اٹھی۔
مڈویسٹ ایسوسی ایشن آف شیعہ آرگنائزیشن کی جانب سے منعقد اس جلوس کا آغاز مرکزی امام بارگاہ معصوم سے ہوا۔ جلوس سے قبل مجلس عزا منعقد کی گئی اور کربلا کے 72 شہدا کی یاد میں تابوت کی شبیہ نکالی گئی۔ جلوس ڈاؤن ٹاؤن شکاگو میں ایسٹ بالبو ڈرائیو اور مشی گن ایونیو کے قریبی علاقوں میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔شکاگو اور گردونواح سے ہزاروں عزاداروں نے سیاہ لباس زیب تن کر کے شرکت کی جن میں خواتین، بچے اور بزرگ سب شامل تھے۔ عزاداروں نے ہاتھوں میں شبیہ علم اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور راستے بھر سینہ زنی اور نوحہ خوانی کے ذریعے کربلا کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔ رضاکاروں کی جانب سے مقامی امریکی شہریوں اور راہگیروں میں معلوماتی پمفلٹ اور پانی بھی تقسیم کیا گیا تاکہ امام حسین علیہ السلام کے پیغام انصاف و انسانیت سے دنیا کو روشناس کرایا جا سکے۔