سلطنت عمان نے رہائشی قوانین میں بڑی نرمی کرتے ہوئے غیر ملکی جائیداد مالکان اور سرمایہ کاروں کے لیے مقامی کفیل کی ضرورت کے بغیر ویزا اور رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔
رائل عمان پولیس کی جانب سے جاری کردہ اور سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والی ترامیم کے تحت غیر ملکی خریدار عمانی شہری یا کمپنی کی کفالت کے بجائے متعلقہ اتھارٹی سے سرٹیفیکیشن کی بنیاد پر ویزا اور رہائشی اجازت نامے حاصل کر سکیں گے۔ یہ سہولت صرف جائیداد مالک تک محدود نہیں بلکہ اس کے قریبی خاندان کے افراد اور عمان میں جائیداد رکھنے والے کارپوریٹ اداروں کے قانونی نمائندوں کو بھی حاصل ہوگی۔ حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ جائیدادوں سے منسلک ویزے چھ ماہ سے ایک سال کے عرصے کے لیے جاری کیے جائیں گے جن کی تجدید بھی ممکن ہوگی اور ہر وزٹ پر عمان میں تین ماہ تک قیام کی اجازت ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد عمان کو طویل مدتی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر مزید پرکشش بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جائیداد کی خریداری کی ترغیب دینا ہے۔