نیویارک کے میئر زوہران کوامے ممدانی نے شدید گرمی کے دوران کارکنوں کے تحفظ کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا ہے۔
آرڈر کے تحت مختلف سرکاری ادارے کارکنوں کے لیے گرمی سے بچاؤ کی ہدایات اور حفاظتی اقدامات تیار کریں گے۔اس حکم نامے کے تحت تمام شہری اداروں کو اپنے ملازمین اور کنٹریکٹ ورکرز کے لیے ہیٹ الینس پریوینشن پلان بنانا ہوگا، جبکہ محکمہ صحت گرمی سے ہونے والی بیماریوں اور کارکنوں پر اس کے اثرات کا جائزہ لے گا۔ شہر کے محکمہ صحت کو شدید گرمی اور ورکرز کمپنسیشن دعوؤں کے درمیان تعلق پر تحقیق کرنے اور گرمی سے ہونے والی بیماری کو رپورٹ ہونے والی صحت کی حالت قرار دینے کے امکانات کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔شہری انتظامیہ کے مطابق نیویارک میں تقریباً 14 لاکھ افراد موسم گرما میں کھلی فضا میں کام کرتے ہیں، جبکہ شدید گرمی ہر سال تقریباً 500 اموات کا سبب بنتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کارکنوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔