نیویارک میں عاشورہ کا عظیم الشان جلوس، ہزاروں عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا
شہدائے کربلا کی یاد میں دنیا بھر میں مجالس ِ عزا اور جلوس کا سلسلہ جاری ہے ۔ نیویارک میں عاشورہ کی مناسبت سے پارک ایونیو سے ماتمی جلوس برآمد ہوا جو ااپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میڈیسن ایونیو پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
نواسہ ِ رسول حضرت امام حسین اور ان کے انصار کی دین ِ اسلا م کی سربلندی کی خاطر لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے نیویارک میں پارک ایونیو 50 اسٹریٹ سے عاشورہ کا جلوس برآمد ہوا ۔۔عاشورہ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادارانِ سیدِ الشہدا شریک ہوئے جن میں نوجوان، خواتین و مرد ، بچے اور بزرگ سب ہی شامل تھے ۔جلو س سے قبل منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی۔مقررین کا کہنا تھا کہ باطل کے مقابلے میں نواسہِ رسول امام علی مقام اور ان کے رفقانے جس جرات ، بہادری ، دلیری اور صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا اسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔شہدائے کربلا کی یاد میں شبیہہ علم و ذولجناح اور تعزیے نکالے گئے،اس موقع پر جلوس کے شرکا کے لیے سبیل اور نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔عزادار انِ امام حسین نے جلوس کے تمام راستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرکے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔عزداروں کی رہنمائی کے لیے مختلف ماتمی انجمنوں اور سماجی تنظیموں نے اپنے اسٹالز بھی لگائے ہوئے تھے، اس موقع پر پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہداٗے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاِ جلوس کی حفاظت کے لیے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کیے تھے ۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میڈیسن ایونیو کی 65 اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔