سان ڈیاگو سانحہ:اکنا ریلیف کی قیادت کا اسلامی مرکز کا دورہ
ریاست سان ڈیاگو میں گزشتہ ماہ پیش آئے المناک واقعے کے بعد اکنا ریلیف نے اسلامی مرکز سان ڈیاگو کا دورہ کیا۔ اکنا ریلیف کی قیادت نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی۔
سان ڈیاگو میں 18 مئی کو پیش آئےالمناک واقعے کے بعد مقامی مسلم کمیونٹی شدید صدمے اور غم کی کیفیت سے دوچار ہے۔ اس مشکل گھڑی میں آئی سی این اے ریلیف پہلے ہی دن سے متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے اور مسلسل امدادی، سماجی اور نفسیاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔اسی سلسلے میں آئی سی این اے ریلیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرؤف خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر علیم الدین نے اسلامی مرکز سان ڈیاگو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی ٹیم اور کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران وفد نے اسلامی مرکز سان ڈیاگو کے امام شیخ طہٰ سے ملاقات کی اور سانحے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ آئی سی این اے ریلیف کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔اس موقع پر آئی سی این اے ریلیف کی قیادت نے سان ڈیاگو کی مسلم کمیونٹی کے حوصلے، اتحاد اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات اور دکھ کے باوجود کمیونٹی نے جس صبر، استقامت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ سانحے میں شہید مسجد کے سیکیورٹی گارڈ بھی آئی سی این اے ریلیف کی فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے تھے اور ضرورت مند افراد کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔آئی سی این اے ریلیف نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور پوری کمیونٹی کے لیے سلامتی و استحکام کی دعا کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہر مرحلے پر کھڑی رہے گی۔وفد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔لواحقین کو کو صبر و استقامت نصیب کرے اور ہماری تمام کمیونٹیز کو ہر قسم کے شر اور آزمائش سے محفوظ رکھے۔