نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممداننی اور کمپٹرولر مارک لیونی نے اپر مین ہیٹن اور برونکس کے رہائشیوں، گھر خریدنے کے خواہش مند افراد اور چھوٹے کاروباروں کو مالی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت شہر کی جانب سے Ponce Bank کی ان ووڈ برانچ میں 10 ملین ڈالر اور برونکس برانچ میں مزید 10 ملین ڈالر جمع کرائے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے بینک کی قرض دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں رہائشی قرضے، کاروباری فنانسنگ اور دیگر مالی خدمات مقامی آبادی تک زیادہ آسانی سے پہنچ سکیں گی۔میئر ممدانی نے کہا کہ ان کی انتظامیہ عوامی وسائل کو محنت کش طبقے کے فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کئی علاقے طویل عرصے سے مطلوبہ سرمایہ کاری سے محروم رہے، اور یہ اقدام چھوٹے کاروباروں کی ترقی، گھروں کی ملکیت کے مواقع اور مقامی سطح پر معاشی بہتری میں مددگار ثابت ہوگا۔حکام کے مطابق ان ووڈ اور مشرقی برونکس جیسے علاقوں میں بڑی تعداد میں محنت کش خاندان اور تارکین وطن آباد ہیں، جنہیں اس اقدام سے براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ منصوبہ شہر کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد مقامی معیشت کو مضبوط بنانا اور شہریوں کے لیے مالی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔