نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کارکنوں، صارفین، تارکینِ وطن اور دیگر شہریوں کے حقوق سے متعلق ایک خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس مہم کے تحت "این وائی سی ورلڈ کپ ریفری کٹ” متعارف کرائی گئی ہے، جس میں فٹبال کے ’’ییلو کارڈ‘‘ اور ’’ریڈ کارڈ‘‘ کے انداز میں تیار کردہ معلوماتی مواد شامل ہے تاکہ شہری اپنے قانونی حقوق سے آگاہ رہ سکیں۔اس مہم کے تحت میئر آفس آف امیگرنٹ افیئرز، محکمہ برائے صارف و کارکن تحفظ (DCWP) اور دیگر ادارے مختلف کمیونٹی تقریبات، لائبریریوں، عوامی واچ پارٹیوں اور تارکینِ وطن کی آبادی والے علاقوں میں معلوماتی مواد تقسیم کریں گے۔ ریفری کٹ میں امیگریشن قانونی معاونت، گھریلو اور صنفی تشدد سے متاثرہ افراد کے لیے ہیلپ لائنز، کارکنوں کے حقوق اور امیگریشن حکام سے ممکنہ رابطے کی صورت میں قانونی رہنمائی شامل ہے۔شہریوں کی سہولت کے لیے یہ مواد ہسپانوی، چینی، روسی، بنگالی، ہیٹی کریول، کوریائی، عربی، پولش، اردو، فرانسیسی اور وولوف سمیت متعدد زبانوں میں دستیاب ہوگا۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ہر شخص، خواہ اس کی امیگریشن حیثیت کچھ بھی ہو، خود کو محفوظ، باخبر اور بااختیار محسوس کرے۔