امریکہ کے محکمۂ انصاف نے “ماڈل سٹیز انیشی ایٹو” کے تحت تقریباً 300 ملین ڈالر کی وفاقی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ملک کے منتخب شہروں میں جرائم میں کمی، قانون کی عملداری مضبوط بنانا اور عوامی تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت دو سے چار شہروں کو “ماڈل سٹی” کے طور پر منتخب کیا جائے گا جو مجموعی طور پر شہری سطح پر جامع سیکیورٹی حکمتِ عملی نافذ کریں گے۔اعلامیے کے مطابق اس اقدام کے لیے درخواستیں 1 ستمبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ منصوبے میں ایسے اقدامات شامل ہوں گے جن میں پولیس فورس کی بھرتی اور برقرار رکھنا، جدید ٹیکنالوجی جیسے ریئل ٹائم کرائم سینٹرز، فارنزک اور ڈی این اے ٹولز، باڈی کیمرا سسٹمز، لائسنس پلیٹ ریڈرز، ڈرونز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سیکیورٹی نظام شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تربیت اور جدید پولیسنگ حکمتِ عملیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔محکمۂ انصاف کا کہنا ہے کہ اس فنڈنگ کے ذریعے ذہنی صحت اور منشیات کے علاج، متاثرین کی مدد، جیلوں سے رہائی کے بعد بحالی (ری انٹری پروگرامز) اور نوجوانوں میں جرائم کی روک تھام جیسے پروگراموں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہروں کو ایک مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت درخواست دینا ہوگی جس میں میئر، شیرف اور پراسیکیوٹر سمیت مقامی حکام ایک ہی جامع منصوبہ پیش کریں گے۔