vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوارک میں امیگریشن حراستی مرکز کے باہر کرفیو نافذ

0

 امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوارک کے میئر راس باراکا نے امیگریشن حراستی مرکز ڈیلینی ہال کے اطراف کرفیو نافذ کر دیا ہے، جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان مسلسل جھڑپوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔

میئر کے مطابق کرفیو روزانہ رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا اور اگلے حکم تک برقرار رکھا جائے گا۔ یہ فیصلہ شدید جھڑپوں کے بعد کیا گیا، جن میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار رکاوٹیں ہٹانے اور علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں پولیس کو فسادات سے نمٹنے والی ڈھالوں کے ساتھ مظاہرین کو پیچھے دھکیلتے دیکھا گیا، جبکہ بعض مقامات پر گھڑ سوار پولیس بھی تعینات کی گئی۔ڈیلینی ہال کے باہر احتجاجی مظاہرے اس ماہ اس وقت شروع ہوئے تھے جب انسانی حقوق کے کارکنوں نے دعویٰ کیا کہ حراستی مرکز میں موجود افراد نے خراب رہائشی حالات کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ ایک ہزار بستروں پر مشتمل یہ مرکز وفاقی حکومت کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کا اہم مرکز بن گیا ہے۔ریاستی پولیس نے گزشتہ روز وفاقی امیگریشن اہلکاروں کی جگہ سنبھال لی تھی، جو کئی دنوں سے مظاہرین کے ساتھ آمنے سامنے تھے۔ دوسری جانب نیو جرسی کی گورنر مائیکی شیرل نے کہا کہ بعض نقاب پوش افراد نے احتجاجی علاقے میں قائم رکاوٹوں پر حملہ کیا، اشیاء پھینکیں اور سڑک پر ٹائروں کو آگ لگا دی، جس سے مظاہرین اور پولیس دونوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.