vosa.tv
Voice of South Asia!

نیو جرسی میں آئی سی ای حراستی مرکز کے باہر احتجاج، 9 افراد گرفتار

0

امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوارک میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے حراستی مرکز کے باہر احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیلیانی ہال نامی حراستی مرکز کے باہر گزشتہ کئی روز سے مظاہرے جاری ہیں، جہاں اندر موجود قیدیوں کی جانب سے مبینہ طور پر بھوک ہڑتال بھی کی جا رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مرکز میں قید افراد کو بنیادی انسانی حقوق اور بہتر خوراک فراہم نہیں کی جا رہی۔صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب احتجاج کے دوران مظاہرین اور وفاقی اہلکاروں کے درمیان تصادم ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھیوں کا استعمال کیا۔امریکی رکنِ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ حراستی مرکز کے اندر دباؤ اور خوف کی فضا قائم کی جا رہی ہے تاکہ قیدیوں کی آواز دبائی جا سکے۔ اسی طرح بروکلین کے بورو پریذیڈنٹ انتونیو رینوسو نے کہا کہ آئی سی ای کی پالیسیوں پر شدید تحفظات ہیں اور اس ادارے کی فنڈنگ بند کی جانی چاہیے۔دوسری جانب نیو جرسی کی گورنر مکی شریل نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاستی صحت حکام کو مرکز کے مکمل معائنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس سے شفافیت پر سوالات اٹھے ہیں۔ تاہم امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی حکام نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معائنے کے دوران فوڈ سروس ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ لیا گیا تھا۔حکام کے مطابق یہ مرکز نجی انتظام میں چلایا جا رہا ہے اور اس میں تقریباً ایک ہزار افراد کی گنجائش ہے، جبکہ اس وقت وہاں 300 کے قریب قیدی موجود ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.