شکاگو میں پاکستانی فنکاروں کا انسانیت کے نام پیغام، جاوید شیخ اور احمد علی اکبر کی شرکت
شکاگو میں ایس کے ٹی ویلفیئر امریکہ کی جانب سے ایک پروقار فنڈ ریزنگ گالا ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات جاوید شیخ، حنا خواجہ، احمد علی اکبر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد دنیا بھر میں جاری انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔
ولا پارک کے ایمبیئنس بینکوئٹ ہال میں منعقدہ اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ فنڈ ریزنگ کے دوران افریقہ میں مساجد اور مدارس کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی، خوراک اور دیگر امدادی منصوبوں کے لیے عطیات جمع کیے گئے۔ منتظمین کے مطابق ایس کے ٹی ویلفیئر 2010 سے دنیا بھر میں فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے اور اب امریکہ میں بھی اپنے منصوبوں کو وسعت دے رہی ہے۔تقریب کے دوران احمد علی اکبر نے اپنے مشہور ڈرامے “پری زاد” اور ذاتی زندگی کے تجربات پر گفتگو کی، جبکہ حنا خواجہ بیات نے جنگ اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کی جذباتی داستانیں سنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو اپنے اثر و رسوخ کو انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔تقریب میں معروف اداکار جاوید شیخ نے بھی انسانی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ سوال و جواب کے سیشن میں حاضرین نے فنکاروں سے ان کے کیریئر، پاکستانی ڈراموں اور شوبز انڈسٹری کے چیلنجز سے متعلق سوالات کیے۔ تقریب کے اختتام پر شکاگو میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے ایس کے ٹی ویلفیئر کے امدادی مشن میں بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی۔