امریکا کی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے محمد زہیر عدی کو منی لانڈرنگ اور عدالت میں جھوٹی گواہی دینے کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق سزا ریاست الاباما کی وفاقی عدالت نے سنائی۔حکام کے مطابق 58 سالہ محمد زہیر عدی نے منشیات اسمگلنگ کرنے والے ایک نیٹ ورک کے لیے لاکھوں ڈالر کی منی لانڈرنگ میں مدد فراہم کی۔ تفتیش میں بتایا گیا کہ یہ گروہ ایک ہزار کلوگرام سے زائد اعلیٰ معیار کی چرس کیلیفورنیا سے الاباما منتقل کرتا تھا، جبکہ رقوم چھپانے کے لیے مختلف کمپنیوں اور بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا جاتا تھا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے منشیات سے حاصل ہونے والی رقم جائیدادوں اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی، جن میں بعض مقامات چرس اگانے کے لیے بھی استعمال ہوتے رہے۔ محمد زہیر عدی نے 2023 میں منی لانڈرنگ کی سازش کا اعتراف کیا تھا، تاہم بعد ازاں ایک ساتھی ملزم کے کیس میں عدالت کے سامنے جھوٹی گواہی بھی دی۔عدالت نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ ملزم منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا اہم کردار تھا اور اس کی سرگرمیوں نے منشیات کی غیر قانونی تجارت کو مضبوط کیا۔ عدالت نے قید کے علاوہ 50 ہزار ڈالر جرمانہ اور تین سال نگرانی کی سزا بھی سنائی۔