vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کا 124 ارب ڈالر بجٹ منظور، پراپرٹی ٹیکس نہ بڑھانے کا اعلان

0

نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے مالی سال 2027 کیلئے 124.7 ارب ڈالر کا متوازن بجٹ پیش کرتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

انتظامیہ کے مطابق شدید مالی خسارے کے باوجود بجٹ کو متوازن رکھنے کیلئے ریاستی تعاون، نئی آمدنی اور اخراجات میں کمی کی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔میئر ممدانی نے کہا کہ شہر کو 12 ارب ڈالر سے زائد خسارے کا سامنا تھا، جو گریٹ ریسیشن کے بعد بڑے مالی بحرانوں میں شمار ہوتا ہے، تاہم ان کی انتظامیہ نے عوامی خدمات کم کیے بغیر اور ریزرو فنڈ استعمال کیے بغیر بجٹ متوازن کیا۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ حکومت کے ایک نئے دور کی عکاسی کرتا ہے جہاں ترقیاتی عزائم اور مالی ذمہ داری دونوں کو ساتھ لے کر چلایا جا رہا ہے۔انتظامیہ کے مطابق مختلف سرکاری اداروں میں “چیف سیونگز آفیسرز” تعینات کیے گئے جن کی بدولت مالی سال 2026 اور 2027 کے دوران تقریباً 1.77 ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ قرضوں کی ادائیگی کے شیڈول میں تبدیلی اور دیگر اصلاحات سے بھی اربوں ڈالر کی مزید بچت ہوگی۔ریاستی حکومت کی جانب سے بھی نیویارک سٹی کو بڑا مالی تعاون فراہم کیا گیا۔ گورنر کیتھی ہوکل اور میئر ممدانی نے مشترکہ طور پر شہر کے خسارے کو کم کرنے کیلئے اضافی 4 ارب ڈالر کی معاونت کا اعلان کیا۔ اس میں اسکولوں کے اخراجات اور دیگر پالیسی تبدیلیوں کے ذریعے ایک ارب ڈالر جبکہ یونین ملازمین کی پنشن ادائیگی مؤخر کرنے سے 2.3 ارب ڈالر شامل ہیں۔بجٹ میں لائبریریوں، پارکس، پبلک ٹرانسپورٹ رعایتی پروگرامز، تعلیم اور بچوں کی نگہداشت کے منصوبوں کیلئے اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عوامی تحفظ، ذہنی صحت، صفائی، مزدوروں کے حقوق اور سستی رہائش کے منصوبوں کیلئے بھی اربوں ڈالر رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی کیلئے حالیہ برسوں کی سب سے بڑی سرمایہ کاری بھی اسی بجٹ کا حصہ ہے۔ 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.