جرمنی کے ایک معروف تحقیقی ادارے کی جانب سے “باربرا ہیوبر اسکالرشپ پروگرام” کے تحت 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، جس کا مقصد کریمنالوجی، پبلک لا اور کریمنل لا کے شعبوں میں جدید اور معیاری تحقیق کرنے والے بین الاقوامی محققین کی معاونت کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ہر سال محدود تعداد میں اسکالرشپس دی جاتی ہیں، جن کے لیے پی ایچ ڈی کے طلبہ، پوسٹ ڈاکٹریٹ محققین اور تجربہ کار پروفیسرز درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مضبوط تعلیمی ریکارڈ کے ساتھ ایک منفرد اور تحقیقی منصوبہ پیش کریں جو متعلقہ شعبے میں نمایاں علمی اضافہ کر سکے۔اسکالرشپ کے تحت محققین کو دو سے چھ ماہ تک جرمنی میں تحقیق کا موقع دیا جائے گا، جہاں وہ اپنے منصوبے پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ علمی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے۔ مالی معاونت کے طور پر پی ایچ ڈی طلبہ کو ماہانہ 1650 یورو، پوسٹ ڈاکٹریٹ محققین کو 2700 یورو جبکہ پروفیسرز کو 3200 یورو تک وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ اضافی تحقیقی اخراجات کے لیے بھی معاونت ممکن ہے۔اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 31 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ کامیاب امیدواروں کو جرمنی میں قیام کے دوران ہیلتھ انشورنس فراہم کرنا لازمی ہوگا۔