اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر جنرل عاصم ملک بھی شریک تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت میں علاقائی سکیورٹی، دوطرفہ تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے مصری ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کے اس دورے میں پاکستان کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان اہم پیغامات کے تبادلے اور کشیدگی کم کرنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔حساس نوعیت کی ان ملاقاتوں کے باعث دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کی آمد پر ان کا استقبال اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا۔