vosa.tv
Voice of South Asia!

اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاریاں،امریکی صدر کا ‘گرین سگنل’

0

پاکستان ایک بار پھر عالمی سفارت کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور پاکستان میں منعقد کرنے کے لیے ‘گرین سگنل’ ملنے کے بعد حکومتِ پاکستان نے باقاعدہ تیاریاں اور انتظامات شروع کر دیے ہیں۔

​ذرائع کے مطابق، وزیراعظم آفس کی جانب سے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو مذاکرات کے انعقاد کے حوالے سے خصوصی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان اہم مذاکرات کی میزبانی اور ثالثی کے فرائض پاکستان کی سول اور عسکری قیادت مشترکہ طور پر سرانجام دے گی۔​ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور اسی مقام پر منعقد ہوگا جہاں پہلا دور ہوا تھا،دستیاب معلومات کے مطابق ایک بار پھر نائب صدر جے ڈی وینس امریکی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ  ایران کی جانب سے وفد کی قیادت سپیکر باقر قالیباف کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ انتہائی ​حساس نوعیت کے ان مذاکرات کے لیے سیکیورٹی کا فول پروف پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے وفود کو ‘وی وی آئی پی ون’  سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ سیکیورٹی کے یہ انتظامات پہلے دور کی طرح غیر معمولی ہوں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔​پاکستانی حکام ان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پرامید ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ اس دوسرے دور کے دوران فریقین کے درمیان اہم پیش رفت ہو اور اسے ‘معاہدہ اسلام آباد’ کی شکل دی جا سکے، جو خطے اور عالمی امن کے لیے ایک بڑی کامیابی ثابت ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.