vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا ایران جنگ بندی ڈیڈ لائن، پاکستان کی تیز سفارتی کوششیں

0

امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے مرحلے کے بغیر کسی بڑی پیش رفت کے اختتام کے بعد پاکستان نے دونوں ممالک کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی مذاکرات میں دونوں فریقین نے اپنے مؤقف کا کھل کر اظہار کیا، تاہم کوئی باضابطہ معاہدہ طے نہ پا سکا۔ اس کے باوجود پاکستانی حکام پرامید ہیں کہ آئندہ دنوں میں رابطوں کے ذریعے پیش رفت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ایک سینئر ذریعے کے مطابق پاکستان واشنگٹن اور تہران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور زور دے رہا ہے کہ جنگ بندی کی ڈیڈ لائن سے قبل دوبارہ مذاکرات شروع کیے جائیں۔ اطلاعات کے مطابق موجودہ جنگ بندی کی مدت 22 اپریل کے قریب ختم ہو رہی ہے، جس سے قبل کسی مفاہمت تک پہنچنا انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر یہ سفارتی کوششیں جاری ہیں، جبکہ اسحاق ڈار اور عاصم منیر اس عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنما مسلسل رابطوں اور کوششوں کے ذریعے اس عمل کو آگے بڑھانے میں مصروف ہیں۔پاکستان نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی بحالی کی خواہش سے آگاہ کر دیا ہے اور اب ان کے ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ حکام کو امید ہے کہ محدود وقت کے باوجود سفارتی کوششیں تیزی اختیار کر سکتی ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ روکا جا سکے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ چیلنجز بدستور موجود ہیں، تاہم پاکستان کی فعال ثالثی عالمی امن کے قیام اور تنازعات کے حل میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.