امریکی ریاست ٹیکساس میں ہزاروں افراد نے بگ بینڈ نیشنل پارک میں مجوزہ سرحدی دیوار کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔
مظاہرین ریاستی دارالحکومت کے باہر جمع ہوئے اور اس منصوبے کو ماحولیات، سیاحت اور مقامی ثقافت کے لیے خطرہ قرار دیا۔رپورٹس کے مطابق دو ہزار سے زائد افراد نے ریلی میں شرکت کی، جہاں “نو ٹو دی وال” اور “بگ بینڈ سے محبت” جیسے نعرے لگائے گئے۔ احتجاج کو سیاسی جماعتوں کی مشترکہ حمایت بھی حاصل رہی، جبکہ کئی رہنماؤں نے کہا کہ سرحدی سیکیورٹی ضروری ہے مگر اس کے لیے قدرتی وسائل کو نقصان نہیں پہنچایا جانا چاہیے۔ماہرین اور مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ دیوار کی تعمیر سے جنگلی حیات جیسے بھیڑیں اور ریچھ متاثر ہوں گے، جبکہ تاریخی چٹانیں اور ثقافتی ورثہ بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقے صرف سیاحتی مقامات نہیں بلکہ مقامی برادریوں کے لیے مقدس حیثیت رکھتے ہیں۔یہ منصوبہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سرحدی دیوار کی توسیع کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے، تاہم عوامی دباؤ کے بعد حکام نے نقشوں میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اس کے باوجود مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان پارکس میں کسی بھی قسم کی دیوار کی تعمیر پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔