امریکا: عیدالفطر پر مذہبی جوش و خروش، نماز کے اجتماعات
امریکا میں مسلم کمیونٹی آج عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منارہی ہے۔نیویارک میں مکی مسجد میں عید الفطر کا اجتماع ہوا جس کے بعد نمازی ایک دوسرےسے بغل گیر ہوگئے اور عید کی مبارکباد دی۔
دنیا کے مختلف ممالک کی طرح امریکا میں مقیم مسلمان بھی آج عید الفطر مذہبی جو ش و خروش سے منارہے ہیں ۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد میں نمازِ عید کا مرکزی اور رو ح پرور اجتماع منعقد ہوا ۔نمازِ عید کے اجتماع میں نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ بروکلین کے مختلف علاقوں میں آباد دیگر مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔مسجد کے پیش امام نے خطبہ دیا جس میں عید الفطر کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔نماز کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی ترقی و خوشحالی ، باطل قوتوں کے مقابلے میں کامیابی اور دنیا میں امن و امان کے قیام ، بیماروں کی صحتیابی اور اجتماعی مسائل ومشکلات کےحل کے لیے پرور دگار کی بارگاہ میں خصوصی دعا کی گئی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد سب نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی او ر اپنے اپنے مرحومین کو بھی یاد کیا۔۔