نیدرلینڈز کی یونیورسٹی آف ٹوینٹے نے 2026 تا 2027 تعلیمی سال کے لیے بین الاقوامی طلبہ کے لیے ماسٹرز ڈگری کی اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت غیر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔اس اسکالرشپ کے تحت طلبہ کو ایک سال کے لیے تین ہزار سے بائیس ہزار یورو تک مالی مدد دی جا سکتی ہے۔ دو سالہ ماسٹرز پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ بہتر تعلیمی کارکردگی برقرار رکھنے کی صورت میں دوسرے سال کے لیے بھی اسی مقدار کی اسکالرشپ حاصل کر سکتے ہیں۔یونیورسٹی کے مطابق اسکالرشپ کی رقم براہ راست طلبہ کو دی جاتی ہے جسے وہ ٹیوشن فیس، رہائش، تعلیمی اخراجات اور روزمرہ زندگی کے دیگر اخراجات کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم یہ مکمل اسکالرشپ نہیں ہے، اس لیے طلبہ کو باقی اخراجات کے لیے اپنی مالی استطاعت بھی ظاہر کرنا ہوگی۔اس پروگرام کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کا اپنے پچھلے تعلیمی ادارے میں بہترین تعلیمی ریکارڈ ہونا ضروری ہے اور انہیں اپنی کلاس کے نمایاں طلبہ میں شمار کیا جانا چاہیے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم مئی دو ہزار چھبیس مقرر کی گئی ہے۔