امریکی ایوانِ نمائندگان میں ایچ ون بی ویزا پروگرام پر عائد نئی پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے بل پیش
امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس نے ایچ ون بی ویزا پروگرام پر عائد نئی پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے بل پیش کردیا۔امکان ہے کہ مجوزہ قانون سازی سے صدر ٹرمپ کی متعارف کرائی گئی نئی شرائط واپس لے لی جائیں اور ایک لاکھ ڈالر کی اضافی فیس بھی ختم کر دی جائے ۔
نیوجرسی سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس بونی واٹسن کولمین ایوانِ نمائندگان میں ویلکمِنگ انٹرنیشنل سکسیس ایکٹ کے نام سے بل متعارف کرایا ہے ۔یہ مجوزہ بل گزشتہ سال صدر ٹرمپ کی ایچ ون بی ویزا پالیسی میں نافذ کی گئیں کڑی شرائط کی واپسی اور ایک لاکھ ڈالر کی بھاری فیس ختم کرنے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔نیوز ویک کے مطابق واٹسن کولمین کا کہنا ہے کہ بھاری فیسیں غیر ملکی ملازمین پر انحصار کرنے والے اداروں کے لیے بڑی رکاوٹ بن گئی ہیں ۔نئی پابندیوں سے کاروباری اداروں اور تحقیقی تنظیموں کے لیے بھرتی کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔واٹسن کولمین کے مطابق امریکہ کو نرسوں کی بڑھتی ہوئی کمی کا سامنا ہےاور ویزا شرائط میں سختی نے شعبہِ صحت میں افرادی قوت کے بحران کو مزید بڑھا دیا ہے۔ مجوزہ قانون سازی سے امکان ہے کہ اضافی فیس ختم کر دی جائے اور صدر ٹرمپ کے اعلان کے ذریعے متعارف کرائی گئی اجرت کی نئی شرائط بھی واپس لے لی جائیں۔ ایچ ون بی ویزا پروگرام امریکی شہریت و امیگریشن سروسز کے زیرِ انتظام ہے اور اس کے تحت سالانہ 65 ہزارویزے جاری کیے جاتے رہے ہیں ۔