بیرونِ ملک تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری
دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے سال 2026 میں متعدد مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کیا گیا ہے، جن کے تحت ٹیوشن فیس، رہائش، سفری اخراجات اور ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ مواقع خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے طلبہ کے لیے بیرونِ ملک معیاری تعلیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تعلیمی لاگت کے باعث ایسے پروگراموں کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بیشتر اسکالرشپس کے لیے درخواستوں کا عمل 2025 کے اختتام اور 2026 کے ابتدائی مہینوں میں شروع ہو رہا ہے، اس لیے امیدواروں کو بروقت تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔نمایاں اسکالرشپس میں برطانیہ کی چیوننگ اسکالرشپ، امریکا کی فل برائٹ اسکالرشپ، جرمنی کی ڈی اے اے ڈی اسکالرشپ اور یورپ کی ایرسمس منڈس اسکالرشپ شامل ہیں، جن کے تحت مکمل مالی معاونت اور عالمی معیار کی جامعات میں تعلیم کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ ایرسمس منڈس اسکالرشپ کے تحت طلبہ ایک ہی ڈگری کے دوران یورپ کے مختلف ممالک میں تعلیم بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ایشیا میں تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے جاپان کی میکسٹ اسکالرشپ، جنوبی کوریا کی گلوبل کوریا اسکالرشپ اور چین کی حکومت کی اسکالرشپ اہم پروگرام ہیں، جبکہ ہنگری کی اسٹیپنڈیم ہنگریکم اور آئرلینڈ کی سرکاری اسکالرشپ بھی مکمل یا جزوی مالی معاونت فراہم کرتی ہیں۔