نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) نے کوئنز کے علاقے ایج میئر میں واقع بیچ 41 اسٹریٹ ہاؤسز کے لیے 3 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 712 گھروں میں جدید اور ماحول دوست ہیٹ پمپ سسٹم نصب کیے جائیں گے۔
نیویارک میئر آفس کی ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق یہ اقدام شہر کے "کلین ہیٹ فار آل” پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے رہائشیوں کو کولنگ سہولت فراہم کرنا ہے۔نئے ہیٹ پمپ پرانے گیس بوائلر نظام کی جگہ لیں گے جو اپنی مدت پوری کر چکا ہے۔ ان مشینوں کے ذریعے سردیوں میں مستحکم حرارت، گرمیوں میں مؤثر ٹھنڈک، کمروں میں درجہ حرارت کا انفرادی کنٹرول اور گرم پانی کی فراہمی میں بہتری ممکن ہوگی۔ شہر کی انتظامیہ کا ہدف ہے کہ 2030 تک 10 ہزار سے زائد این وائی سی ایچ اے اپارٹمنٹس کو اس جدید نظام سے منسلک کیا جائے۔میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری صرف انفراسٹرکچر نہیں بلکہ وقار، تحفظ اور ماحولیاتی انصاف کا معاملہ ہے۔ حکام کے مطابق آزمائشی مرحلے میں نصب کیے گئے ہیٹ پمپس نے توانائی کے استعمال میں نمایاں کمی اور رہائشیوں کے اطمینان میں واضح اضافہ دکھایا ہے، جبکہ حرارتی توانائی کی کھپت میں 80 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔شہری و ماحولیاتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ اُن کمیونٹیز کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ مقامی نمائندوں نے بھی اس اقدام کو عوامی رہائش گاہوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور صاف توانائی کی جانب عملی پیش رفت قرار دیا ہے۔