میئر ممدانی کی انتظامیہ اور سٹی کونسل نے غیرمنافع بخش تنظیموں کو ملنے والی کونسل کی گرانٹس کی ادائیگی تیز کرنے کیلئے پائلٹ پروگرام میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق انتظامیہ، سٹی کونسل اور متعلقہ ادارے مالی سال 2027 کیلئے شریک تنظیموں کا انتخاب کریں گے، جس کے بعد نومبر 2026 میں گرانٹ معاہدے جاری کیے جائیں گے۔ شریک تنظیموں کو دستخط شدہ معاہدے واپس کرنے کیلئے 30 دن کا وقت دیا جائے گا، جبکہ ادائیگیاں 2026 کے آخر یا 2027 کے اوائل میں شروع ہوں گی۔ کمیٹی برائے خزانہ کی سربراہ کونسل ممبر لنڈا لی نے کہا کہ شہر کا سست پراکیورمنٹ عمل طویل عرصے سے غیرمنافع بخش شراکت داروں کی ادائیگیوں میں تاخیر کا باعث بنتا رہا ہے، اور یہ توسیع اس سرخ فیتے کو کم کرنے میں مدد دے گی۔ کمیٹی برائے کنٹریکٹس کے سربراہ کونسل ممبر لنکن ریسلر کے مطابق چھوٹے اور بڑے کنٹریکٹس پر عمل درآمد کیلئے یکساں وقت اور محنت درکار ہوتی ہے، اور اس پائلٹ پروگرام کی توسیع سے چھوٹی غیرمنافع بخش تنظیموں کو جلد ادائیگی ملے گی جبکہ شہری اداروں کا عملہ بڑے کنٹریکٹس پر توجہ دے سکے گا۔