کیا بچپن میں خاندان کی مالی صورتحال کئی دہائیوں بعد بھی دل کی صحت پر اثر ڈال سکتی ہے؟ ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کم آمدنی والے خاندانوں میں پرورش پانے والے افراد میں دل کی شریانوں میں ایتھروسکلروسس، یعنی چربی اور دیگر مواد جمع ہونے کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔
سویڈن کے کیرولِنسکا انسٹیٹیوٹ کی یہ تحقیق جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئی ہے۔محققین نے سویڈن کی آبادی پر مبنی ایک بڑی تحقیق کے 15 ہزار 640افراد کےاعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ ان افراد کی عمریں 50 سے 64 سال کےدرمیان تھیں۔
تحقیق میں خاص طور پر یہ دیکھا گیا کہ جب شرکا کی عمر 10 سے 12 سال تھی،اس وقت ان کے خاندان کی آمدنی کیا تھی، اور تقریباً 50 سال بعد دل کی شریانوں کے سی ٹی اسکین میں کیا صورتحال سامنے آئی۔نتائج میں کم آمدنی والے خاندانوں میں پرورش پانے والے افراد میں درمیانے سے شدید ایتھروسکلروسس کے شواہد ملنے کا امکان زیادہ دیکھا گیا۔عمر،جنس اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں یہ امکان 43 فیصد زیادہ تھا۔
جب محققین نے طرزِ زندگی، جوانی کے معاشی حالات اور دیگر معلوم خطرات کو بھی شامل کیا تو یہ فرق کم ہوکر بھی 31 فیصد برقرار رہا۔محققین کے مطابق یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بچپن کے سماجی اور معاشی حالات کا تعلق دل کی صحت سے کئی دہائیوں بعد بھی نظر آسکتا ہے۔یعنی دل کی صحت صرف موجودہ طرزِ زندگی کا معاملہ نہیں،بلکہ زندگی کے ابتدائی حالات بھی اس میں کردار ادا کرسکتےہیں۔