شکاگو میں مسلم کمیونٹی سینٹر کا 57واں سالانہ گالا، 900 سے زائد افراد شریک
امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں مسلم کمیونٹی سینٹر کا 57واں سالانہ گالا ڈنر منعقد ہوا، جس میں 900 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا موضوع ’’منبر سے آگے: وہ ایمان جو خدمت میں بدل جائے‘‘ تھا، جس میں کمیونٹی سروس، شہری شمولیت اور اجتماعی فلاح کے لیے ادارے کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
سکوکی، الینوائے کے ہالیڈے اِن میں ہونے والی تقریب میں ایونسٹن کے میئر ڈینیئل بس، سکوکی کی میئر این ٹینس، مورٹن گروو کی میئر جینین وٹکو سمیت متعدد مقامی عہدیداروں نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت حرا کھتری اور ہاشم شیخ نے کی، جبکہ آغاز ایم سی سی اکیڈمی اسکول کے قاری ارشد پٹیل کی تلاوتِ قرآن اور ترجمے سے ہوا۔ مسلم کمیونٹی سینٹر کے صدر قاسم محمد نے افتتاحی خطاب میں ادارے کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔قاسم محمد کے مطابق مسلم کمیونٹی سینٹر گزشتہ کئی دہائیوں میں وسعت اختیار کرچکا ہے اور اب دو اضافی مساجد، اسکول اور تعلیمی مراکز چلا رہا ہے۔ ادارے کی جانب سے مسلم اور غیر مسلم کمیونٹی کے لیے سماجی رابطوں، صحت کی اسکریننگ اور کونسلنگ سمیت مختلف پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ادارے نے خصوصاً رمضان کے دوران زکوٰۃ کی رقوم کے ذریعے معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والے خاندانوں کی مدد کی، جبکہ مستقبل میں نوجوانوں، خواتین اور وسیع تر کمیونٹی کی بہتر خدمت کے لیے بنیادی ڈھانچے، معلوماتی نظام اور مالیاتی انتظام کو جدید بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔تقریب کے کلیدی مقرر امام شیخ الامین صادق نے ایمان کو عملی خدمت میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد صرف عبادت کی جگہ نہیں بلکہ ایسا ادارہ ہونی چاہیے جو بیماروں، کمزور افراد، ضرورت مند خاندانوں اور معاشرے کے دیگر طبقات تک پہنچے۔انہوں نے نوجوانوں، قیدیوں اور پسماندہ افراد میں سرمایہ کاری اور ان کی رہنمائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی ترقی کے لیے لوگوں کو ترجیح دینا ضروری ہے۔تقریب کے اختتام پر عالمِ اسلام اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے بعد شرکا کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔