vosa.tv
Voice of South Asia!

استاد راحت فتح علی خان اورشاہ زمان کےامریکا میں لائیوکانسرٹ کی تاریخوں کا اعلان

0

نیویارک (نیوزڈیسک) ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ نےعالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار استاد راحت فتح علی خان اوران کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کےامریکا میں لائیو کانسرٹ کا اعلان کردیا۔ استادراحت فتح علی خان اور شاہ زمان علی خان دو اکتوبرکو بوسٹن،تین اکتوبر کو نیویارک اوردس اکتوبرکو نیوجرسی میں پرفارم کریں گے۔

سروں کے سلطان  استاد راحت  فتح علی خان کینیڈا کےبعد اب امریکا  میں لائیو شو کے لیے اپنے بیٹے   شاہ زمان علی خان کے  ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔ورلڈ اسٹار انٹر  ٹینمنٹ کے زیراہتمام لانگ آئی لینڈ میں واقع نجی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس  کے لیے آئے  تو ان کا  پرتپاک  استقبال  کیا گیا۔صحافیوں سے گفتگو میں استاد راحت  فتح علی خان کا کہنا تھا کہ فن ِقوالی میں اتنی جدت اور جہتیں آگئی ہیں کہ  پوری دنیا میں اس کی مقبولیت بڑھتی  جارہی ہے،دل سے گایا ہوا ہمیشہ سدا بہار رہتا ہے،کبھی  پرانا نہیں ہوتا۔

ایک سوال پر راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ  موسیقی  کے چاہنے والے استاد  نصرت فتح علی خان کی قوالیاں آج بھی سننا چاہتے ہیں،کئی فنکار ان کی  قوالیاں گاتے ہیں لیکن اسے نبھانا ، انصاف  کرنا ہمارے لیےآج بھی مشکل ہے۔اپنے  بیٹے  شاہ زمان کی گائیکی سے متعلق راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ کہیں کہیں میں بھی اس کا مداح ہوں، اتنا ضرور کہوں گا شاہ زمان جتنی محنت کریں گےان کی آواز میں اتنا ہی نکھار پیدا ہوں گے، بھرپور  تیاری سےآئے ہیں ،امریکا میں شیڈول  تینو ں شوزمیں سرپرائز دیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ زمان علی خان کا کہنا تھا کہ میرے مداح محبت میں کہہ دیتے ہیں کہ میری  گائیکی میں استاد نصرت فتح علی خان کاعکس جھلکتا ہے، میں ان جیسا نہیں گا سکتا،میری پہچان شاہ زمان علی خان ہی رہے گی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں شاہ زمان علی خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملی جلی  کیفیت ہے،خوش نصیبی ہے کہ والد کے ساتھ پرفارم کر رہاہوں جبکہ استاد راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ہمارا کانسرٹ کہیں بھی  ہو، سامعین کا ذوق ترجیح ہوتا ہے کہ وہ کیا سننا چاہتے ہیں ۔۔

ورلڈ اسٹارانٹر ٹینمنٹ کےروحِ رواں عتیق شیخ کا کہنا تھا کہ استاد راحت فتح علی خان نام آجائے تو پھر کچھ کہنےکی ضرورت نہیں رہتی۔شاہ زمان کو سننے والےاتنے ہیں کہ مستقبل میں ان کے لیے ایک علیحدہ سے شو کروں گا۔آخرمیں صحافیوں کی فرمائش پراستا د راحت فتح علی خان اور شاہ زمان علی خان نے  مل کر اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.